اسلام آباد:
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے انکشاف کیا ہے کہ تقریباً 40 ہزار پاکستانی زائرین عراق، ایران اور شام جا کر غائب ہو چکے ہیں، اور ان کا کوئی ریکارڈ حکومت پاکستان کے پاس موجود نہیں۔ وزیر موصوف کے مطابق ان ممالک نے بھی پاکستان کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھایا تھا۔
پریس کانفرنس کے دوران وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ زائرین کو منظم کرنے کے لیے حکومت نے کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن نظام متعارف کرایا ہے، جس کے تحت اب زائرین صرف رجسٹرڈ زیارت گروپ آرگنائزرز (ZGOs) کے ذریعے سفر کریں گے۔
اب تک 1400 سے زائد کمپنیوں نے وزارت مذہبی امور کے ساتھ رجسٹریشن کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد 585 کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 31 جولائی تک اپنی رجسٹریشن مکمل کریں۔ ساتھ ہی نئی کمپنیوں کے لیے بھی 10 اگست تک درخواست جمع کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سردار یوسف نے بتایا کہ قافلہ سالار پرانا نظام ختم کیا جا رہا ہے، اور زائرین کی رجسٹریشن اور مانیٹرنگ کا مربوط نظام جلد نافذ ہو جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد زائرین کو سکیورٹی اور سہولت دینا ہے، کیونکہ ماضی میں عراق، شام اور ایران جانے والے زائرین کے لیے کوئی مؤثر سرکاری نظام موجود نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ حج، عمرہ اور زیارات، تینوں حکومت کی ذمہ داری ہیں اور زائرین کی دیکھ بھال کے لیے وزارت مذہبی امور نے اب جامع حکمتِ عملی اختیار کر لی ہے۔