لارڈز ٹیسٹ میچ میں قانون کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی کرکٹر محمد سراج پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔
لارڈز ٹیسٹ میں کھیل کے چوتھے دن بھارتی کرکٹر محمد سراج نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی، کوڈ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی پر ان پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
گزشتہ روز بین ڈکٹ کی وکٹ پر سراج نے جشن کے دوران بیٹر کے خلاف جارحانہ رویہ اپنایا تھا، جس کے باعث ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا بھی اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان 5 میچز کی سیریز کا تیسرا ٹیسٹ لارڈز میں جاری ہے جہاں میچ کے 4 دن کا کھیل ختم ہو گیا اور آخری دن میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
بھارت نے چوتھے روز کے اختتام پر انگلینڈ کے 193 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹ پر 58 رنز بنا لیے ہیں۔
میچ میں کامیابی کے لیے بھارت کو مزید 135رنز درکار ہیں جبکہ انگلینڈ کو جیت کے لیے 6 وکٹیں چاہئیں۔ بھارت کی جانب سے کے ایل راہول 33 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔