کراچی: سندھ میں مون سون ہواؤں کا داخلہ ہوچکا ہے جس کے باعث کراچی، جامشورو اور دیگر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اتوار (آج) تک بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی اور چند مقامات پر تیز بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ "تیز بارش، آندھی اور بجلی گرنے سے کمزور عمارتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے”۔ شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر کھلے اور خطرناک علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔
دوسری جانب صوبائی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، ریسکیو ٹیمیں اور ڈرینیج سسٹمز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔