اسلام آباد : وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کردیا جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں اس بار پھر اضافہ کردیا گیا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان تاحال برقرار ہے جس کے باعث ملک میں آئندہ 15روز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔
آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 36 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 11روپے 37 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 5 روپے 36 پیسے اضافے سے پیٹرول کی نئی قیمت 272 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ 11 روپے 37 پیسے اضافے سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 284 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے بعد اس کا اطلاق 16سے31جولائی تک کے لیے ہے۔
علاوہ ازیں ذرائع کا کہنا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں3روپے 10 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں ایک روپیہ 85 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔