ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج آل راؤنڈر آندرے رسل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی ایک طوفانی دور اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔
آندرے رسل رواں ماہ آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی پانچ میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران دو میچز کھیل کر انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔
یہ سیریز 20 جولائی سے 28 جولائی تک ویسٹ انڈیز میں کھیلی جائے گی، جبکہ رسل 22 جولائی کو اپنے ہوم گراؤنڈ جمیکا کے سبینا پارک میں اپنا آخری انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے رسل کی ریٹائرمنٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا:
"15 سال تک آپ نے ویسٹ انڈیز کی نمائندگی جذبے اور وقار سے کی۔ آپ کا شکریہ، آندرے رسل!”
آندرے رسل اپنی دھواں دار بیٹنگ، برق رفتار باؤلنگ اور میدان میں بجلی بن کر دوڑنے کے لیے مشہور رہے۔ ان کا انٹرنیشنل کیریئر نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک مثال کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔