ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کل (جمعہ) کو وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق، یہ صدر پیزشکیان کا بطور ایرانی صدر پہلا دورہ پاکستان ہوگا، جو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں نئے باب کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔
اس دورے کے دوران ایرانی صدر پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے جن میں باہمی تعاون، تجارت، توانائی، سرحدی تحفظ، اور علاقائی سیکیورٹی جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی جائے گی۔
یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطح رابطوں میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے مئی 2025 میں ایران کا دورہ کیا تھا، اور اس کے بعد آذربائیجان میں منعقدہ ای سی او اجلاس میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہوئی تھی۔
دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ اہم مواقع پر یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ بھارت کی حالیہ جارحیت پر ایران نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی، جبکہ پاکستان نے اسرائیلی حملوں کے بعد ایران کے حق میں آواز بلند کی اور اس کی خودمختاری کا دفاع کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق صدر پیزشکیان کا یہ دورہ نہ صرف دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ خطے میں امن، تعاون، اور معاشی ترقی کے لیے بھی اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔
Comments 1