وزیراعظم شہباز شریف کا یومِ نوجوانان پر خطاب: آزادی کے تحفظ، نوجوانوں کی ترقی اور اقلیتوں کے کردار پر زور
اسلام آباد : – وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی آزادی کا تحفظ کرنا خوب جانتا ہے، اور اگر دشمن نے ہمارے پانی کی ایک بوند بھی روکنے کی کوشش کی تو اسے ایسا سبق سکھایا جائے گا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔ نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ ایک پُروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 14 اگست 1947 کو حاصل کی گئی آزادی کے بعد مئی 2025 میں نیا پاکستان وجود میں آ چکا ہے، جو ہمارے آبا و اجداد کی قربانیوں کا تسلسل ہے۔
آزادی کا تحفظ اور دشمن کو بھرپور جواب
وزیراعظم نے کہا کہ وطنِ عزیز ایک عظیم تحریک اور قربانیوں کے نتیجے میں معرضِ وجود میں آیا، اور معرکہ حق کے ذریعے پاکستان نے ایک بار پھر اپنی تعمیر نو کی ہے۔ انہوں نے مئی میں ہونے والی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے پاکستان پر حملہ کیا لیکن ہمارے جری سپوتوں نے بھرپور جواب دیا اور کاری ضرب لگائی، جس سے ثابت ہوا کہ ہم اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی آزادی کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
نوجوان ہمارا مستقبل
وزیراعظم شہباز شریف کا یومِ نوجوانان پر خطاب میں نوجوانوں کو پاکستان کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے متعدد منصوبے شروع کر چکی ہے۔ ان منصوبوں میں تعلیم، فنی تربیت، اور ٹیکنالوجی سے متعلقہ اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ میرٹ کی بنیاد پر ایک لاکھ لیپ ٹاپ ملک بھر کے نوجوانوں میں تقسیم کیے جائیں گے تاکہ وہ تعلیم اور کاروباری شعبے میں آگے بڑھ سکیں۔
اقلیتی برادری کا کردار اور حکومتی اقدامات
محمد شہباز شریف نے ملکی ترقی اور دفاع میں اقلیتی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تحریکِ پاکستان سے لے کر تعمیرِ پاکستان اور دفاعِ وطن تک اقلیتوں نے شاندار خدمات انجام دی ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزراء سردار محمد یوسف اور کھیئل داس کوہستانی نے بتایا کہ وزیراعظم کے احکامات کی روشنی میں بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق پالیسی تشکیل دی جا چکی ہے۔ اس پالیسی کے تحت اقلیتی برادری کے تہواروں پر سہولتیں فراہم کرنے اور عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش کے لیے فنڈز جاری کیے جا رہے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ تمام مذاہب امن اور انسانیت کے احترام کا درس دیتے ہیں اور دہشت گردی کو کسی ایک مذہب سے جوڑنا غلط اور قابلِ مذمت ہے۔
یوتھ پروگرامز اور ڈیجیٹل رجسٹریشن
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے بتایا کہ تعلیم، فنی تربیت اور کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں نوجوانوں کے لیے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب پر پانچ لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں، جو حکومتی پروگرامز سے مستفید ہو رہے ہیں۔
نئے منصوبوں کا آغاز
تقریب میں وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے دو نئے منصوبوں کا افتتاح کیا۔
لیپ ٹاپ فار آل منصوبہ: اس کے تحت نوجوانوں کو تعلیم، کاروبار اور دیگر معاشی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔
بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے قرض اسکیم: اس اسکیم کے تحت ورک پرمٹ حاصل کرنے والے نوجوانوں کو دس لاکھ روپے تک کا بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ بیرونِ ملک جا کر روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ امریکا — بھارت کا دہشتگرد چہرہ بے نقاب
اعزازات کی تقسیم
تقریب میں وزیراعظم نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی اقلیتی برادری کی شخصیات میں ایوارڈ تقسیم کیے۔ اس کے علاوہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
نوجوانوں کی ترقی کے لیے حکومتی ترجیحات
یومِ نوجوانان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ہنر مند نوجوان معاشی سرگرمیوں میں اپنی ذہانت اور توانائی سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو قومی اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والا اہم سرمایہ قرار دیا اور کہا کہ حکومت ان کی تعلیم، صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت میں مہارت
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں مہارت دلانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ "وزیراعظم یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام” کامیابی سے لاکھوں نوجوانوں کو ہنر مند بنا رہا ہے، جبکہ "اڑان پاکستان” منصوبے کے تحت کمیونٹی سطح پر نوجوانوں کے لیے پلیٹ فارمز فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ معاشی اور سماجی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔