پولیو وائرس کے کم پھیلاؤ کا موسم، حکومت کا بڑا فیصلہ سامنے آ گیا
اسلام آباد (20 اگست 2025) — حکومت پاکستان نے پولیو وائرس کے کم پھیلاؤ کا موسم (Low Transmission Season) شروع ہونے پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اگلے ماہ انسداد پولیو کی ذیلی قومی مہم چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزارت صحت کے مطابق یہ مہم 1 سے 7 ستمبر 2025 تک جاری رہے گی، جس میں 5 دن براہ راست قطرے پلانے کے ساتھ 2 کیچ اپ ڈیز شامل ہوں گے تاکہ رہ جانے والے بچوں کو بھی ویکسین دی جا سکے۔
مہم کی تفصیلات
ذیلی قومی مہم کے دوران 2 کروڑ 87 لاکھ 16 ہزار 528 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
یہ مہم چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے 99 اضلاع میں چلائی جائے گی۔
80 اضلاع میں مکمل جبکہ 19 اضلاع میں جزوی طور پر مہم کا انعقاد ہوگا۔
مجموعی طور پر 4373 یونین کونسلز کو اس مہم کے دائرہ کار میں شامل کیا گیا ہے۔
صوبہ وار تقسیم
خیبر پختونخوا: 27 اضلاع، 1093 یونین کونسلز، 57 لاکھ 2202 بچوں کی ویکسینیشن۔
سندھ: 25 اضلاع، 1041 یونین کونسلز، 89 لاکھ 7077 بچوں کی ویکسینیشن۔
اسلام آباد: 80 یوسیز، 4 لاکھ 61 ہزار 125 بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔
بلوچستان: 26 اضلاع، 601 یونین کونسلز، 21 لاکھ 82301 بچوں کی ویکسینیشن۔
آزاد کشمیر: 2 اضلاع، 61 یونین کونسلز، 1 لاکھ 68 ہزار 915 بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔
گلگت بلتستان: 2 اضلاع، 15 یونین کونسلز، 18 ہزار 17 بچوں کی ویکسینیشن۔
پولیو ورکرز اور انتظامات
مہم میں 2 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز حصہ لیں گے۔
آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور صوبوں میں مہم کی نگرانی کے لیے صوبائی ٹاسک فورسز تشکیل دی گئی ہیں۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹرز حساس علاقوں میں متحرک رہیں گے۔
ہائی رسک ایریاز میں ٹیکنیکل ماہرین کو تعینات کیا جائے گا جو مہم کی تیاری اور انعقاد کے ذمہ دار ہوں گے۔
پولیو کیسز 2025: خیبر پختونخوا اور سندھ میں مزید 2 کیسز رپورٹ، پاکستان میں مجموعی تعداد 21 ہوگئی
مقصد اور حکومتی اقدامات
ماہرین کے مطابق پولیو وائرس کے کم پھیلاؤ کے موسم میں مہم چلانا سب سے زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے، کیونکہ اس دوران وائرس کی منتقلی کی شرح کم ہوتی ہے۔ حکومت کا مقصد اس موقع سے فائدہ اٹھا کر پاکستان کو پولیو سے پاک کرنا ہے۔

