ژوب میں سکیورٹی فورسز کلیئرنس آپریشن : مزید 14 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک، دو روز میں کل 47 مارے گئے
سمبازہ :— سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں پاک افغان سرحد کے قریب کلیئرنس آپریشن کے دوران مزید 14 بھارتی سرپرست یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جس کے بعد دو روز میں مارے جانے والے دہشت گردوں کی تعداد 47 ہو گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی 8 اور 9 اگست کی درمیانی شب سمبازہ کے گردونواح میں کی گئی، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔ سکیورٹی فورسز کلیئرنس آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 14 دہشت گرد مارے گئے۔
سکیورٹی فورسز کلیئرنس آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، جسے مزید کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ژوب میں سیکیورٹی فورسزآپریشن ، پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کرنے والے 33 خارجی ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق 7 اور 8 اگست کی درمیانی شب بھی اسی علاقے میں دہشت گردوں کی افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی گئی تھی، جس میں 33 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ اس طرح دو روز میں اس آپریشن کے دوران کل 47 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کا بیان
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کا حصہ تھے، جو پاکستان میں امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا:
"سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان میں امن و استحکام اور ترقی کے عمل کو کسی صورت سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔”
