صدر مملکت کے استعفے سے متعلق سوشل میڈیا کی خبروں پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا سخت ردعمل سامنے آگیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف کے خلاف خبروں کو گمراہ کن اور بدنیتی پرمبنی قرار دے دیا۔ واضح کیا کہ صدرزرداری کے استعفے کی کوئی تجویز زیر غور ہے نہ ہی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو صدر کے عہدے میں کوئی دلچسپی ہے۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ آرمی چیف کی صدارت سنبھالنے کی نہ کوئی خواہش ہے اور نہ ہی کوئی تجویز موجود ہے۔ محسن نقوی نے صدر مملکت کے مؤقف کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ صدر جانتے ہیں کہ یہ جھوٹ کون پھیلا رہا ہے اور یہ بھی جانتے ہیں کہ جھوٹ کس مقصد کے لیے اور کس کو فائدہ دینے کے لیے پھیلایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر کے مسلح افواج کی قیادت سے تعلقات مضبوط اور احترام پر مبنی ہیں جب کہ آرمی چیف کی توجہ صرف اور صرف پاکستان کی مضبوطی اور استحکام پر مرکوز ہے۔
محسن نقوی نےکہا کہ یہ بدنیتی پر مبنی مہم دشمن غیر ملکی ایجنسیوں سے جڑی ہو سکتی ہے جو پاکستان کے داخلی استحکام کو کمزور کرنے کے لیے سوشل میڈیا کو بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ جھوٹ، پراپیگنڈے اور بدنیتی پر مبنی مہمات کے باوجود ریاستی ادارے پرعزم ہیں کہ پاکستان کے استحکام اور سالمیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔