اسلام آباد انتظامیہ نے چینی کی پرچون قیمت 172 روپے فی کلو مقرر کر دی ہے جبکہ ایکس مل ریٹ 165 روپے رکھا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مقررہ قیمت سے زیادہ وصولی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام دکانداروں کو وارننگ دیتے ہوئے کریک ڈاؤن کا عندیہ دیا ہے، اور شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ چینی صرف ریٹ لسٹ کے مطابق خریدیں اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کی اطلاع دیں۔
پنجاب حکومت نے بھی چینی کی قیمتوں کا تعین کیا ہے۔ 15 اکتوبر کے بعد ایکس مل ریٹ 171 روپے اور ریٹیل قیمت 179 روپے فی کلو ہوگی۔ یہ فیصلہ چار ماہ کے لیے نافذ العمل ہوگا۔
ادھر کوئٹہ میں صورتحال مختلف ہے، جہاں چینی کی قیمت تاحال قابو میں نہیں آ سکی۔ شہر میں چینی 190 روپے فی کلو اور نواحی علاقوں میں 195 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جس پر شہری شدید پریشان ہیں۔ ہول سیل مارکیٹ میں بھی چینی 183 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
ماہرین کے مطابق قیمتوں پر قابو پانے کے لیے انتظامیہ کو سخت نگرانی اور سپلائی چین میں شفافیت لانے کی ضرورت ہے۔
