اسلام آباد (18 جولائی 2025) – پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار 21 سے 24 جولائی 2025 تک امریکا کا ایک اہم سفارتی دورہ کریں گے۔ یہ دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا صدر ہے، اور اسی حیثیت سے دو اہم ایونٹس کی میزبانی بھی کرے گا۔
22 جولائی کو سلامتی کونسل میں "کثیر فریقی طریقہ کار کے ذریعے عالمی امن و سلامتی کے فروغ” پر اعلیٰ سطحی مباحثہ ہوگا، جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش بھی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر دنیا بھر سے سفارت کار، وزرائے خارجہ اور عالمی ماہرین شرکت کریں گے۔
24 جولائی کو دوسرا اہم ایونٹ "اقوام متحدہ اور علاقائی تنظیموں کے درمیان تعاون” پر ہوگا، جس میں خاص طور پر OIC (اسلامی تعاون تنظیم) اور UN کے باہمی تعلقات و کردار پر بات ہوگی۔
اسحاق ڈار کے اس دورے کو پاکستان کی سفارتی کامیابی اور بین الاقوامی سطح پر اس کے فعال کردار کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کا یہ بڑھتا ہوا سفارتی وزن عالمی منظرنامے میں ملک کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔