بلوچستان واقعہ: مقتول مرد و خاتون کے درمیان ازدواجی تعلق نہیں تھا، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کا انکشاف
کوئٹہ:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ضلع کیچ کے علاقے سنجیدی ڈیگاری میں قتل ہونے والی خاتون اور مرد کے درمیان کوئی ازدواجی رشتہ نہیں تھا، اور واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی معلومات حقائق کے منافی ہیں۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ "عوام کو اصل حقائق سے آگاہی ہونی چاہیے، سوشل میڈیا پر مقتولین کو نوبیاہتا جوڑا قرار دیا گیا، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ خاتون پانچ بچوں کی ماں تھی جبکہ مقتول مرد کے بھی چار یا پانچ بچے تھے۔”
انہوں نے بتایا کہ واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے سے پہلے ہی حکومت نے فوری نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس کو ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی تھی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اب تک کیس میں 11 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ "جو بھی اس بہیمانہ قتل میں ملوث ہوگا، اسے قانون کے مطابق گرفتار کرکے عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔”
میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان حکومت قانون کی عمل داری یقینی بنانے کے لیے کسی دباؤ یا سماجی جبر کو برداشت نہیں کرے گی، اور اس کیس کو ایک مثال بنایا جائے گا۔