راولپنڈی : ( رئیس الاخبار) میونسپل کارپوریشن راولپنڈی (ایم سی آر) کے سی ای او علی عمران کی خصوصی ہدایات پر نیو کٹاریاں مارکیٹ سمیت مختلف علاقوں میں
ناجائز تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کا مقصد عوامی راستوں کو صاف اور کھلا رکھنا، ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنا تھا۔
ایم سی آر کی انسداد تجاوزات ٹیم نے نیو کٹاریاں مارکیٹ سمیت مختلف مارکیٹوں میں کارروائی کے دوران فٹ پاتھوں، سڑکوں اور دکانوں کے سامنے غیر قانونی طور پر رکھے گئے سامان، ریڑھیاں اور سٹالز ہٹا دیے۔ اس دوران دکانداروں کو موقع پر ہی وارننگ جاری کی گئی کہ آئندہ ایسی کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سی ای او علی عمران نے کہا ہے کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، راولپنڈی کے تمام علاقوں میں ایسی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے اور مستقل بنیادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔شہریوں نے بھی ایم سی آر کی اس کارروائی کو سراہا اور کہا کہ اس سے بازار میں پیدل چلنے والوں کو سہولت میسر آئی ہے اور ٹریفک جام کی شکایات میں بھی کمی آئے گی