بابوسر ٹاپ پر اچانک سیلابی ریلہ، 4 سیاحوں سمیت 5 افراد جاں بحق، درجنوں پھنسے رہے
گلگت بلتستان: سوموار کی شام بابوسر ٹاپ کے قریب سیر و تفریح کے لیے آئے ہوئے سیاحوں کو اس بات کا اندازہ تک نہ تھا کہ پرسکون پہاڑی فضا چند لمحوں میں موت کا منظر بن جائے گی۔
موسم کی اچانک تبدیلی کے بعد تیز بارشوں نے سیلابی ریلے کو جنم دیا، جس نے شاہراہ بابوسر کو لپیٹ میں لے لیا۔ گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق اس ہولناک واقعے میں چار سیاح اور ایک مقامی شخص جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ ریسکیو اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں کی مدد سے سینکڑوں پھنسے ہوئے سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، جن میں سے 80 افراد کو ریسکیو کیا گیا، جب کہ دیگر کو چلاس پہنچا دیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق سیلابی ریلے نے راستے میں آنے والی 50 سے زائد مکانات، دو مساجد اور کئی پلوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے اور پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔