مصطفیٰ عامر قتل کیس: مرکزی ملزم ارمغان عرف ارمی کی پیکا ایکٹ کیس میں ضمانت منظور، ملزم کے خلاف کسی قسم کی تحریری شکایت بھی ریکارڈ پر موجود نہیں، جس کے باعث مقدمہ کمزور بنیادوں پر قائم
کراچی کی عدالت نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان عرف ارمی کی غیر قانونی کال سینٹر چلانے سے متعلق پیکا ایکٹ کے مقدمے میں ضمانت منظور کر لی ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں اس مقدمے کی سماعت ہوئی، جہاں ملزم کی جانب سے دائر درخواستِ ضمانت پر دلائل دیے گئے۔ سماعت کے دوران وکیلِ صفائی خرم عباس اعوان ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کے خلاف تاحال چالان پیش نہیں کیا گیا، نہ ہی تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوا اور نہ کوئی گواہ سامنے آیا ہے۔
وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف کسی قسم کی تحریری شکایت بھی ریکارڈ پر موجود نہیں، جس کے باعث مقدمہ کمزور بنیادوں پر قائم ہے۔
دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزم ارمغان عرف ارمی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق ملزم کے خلاف یہ مقدمہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی) میں پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا تھا، تاہم تفتیشی پیش رفت نہ ہونے کے باعث عدالت نے ضمانت کی درخواست منظور کی۔
واضح رہے کہ ارمغان عرف ارمی مصطفیٰ عامر قتل کیس میں بھی مرکزی ملزم نامزد ہے، جس کی سماعت علیحدہ عدالت میں جاری ہے۔