عمران خان رہائی فورس قائم کرنے کا اعلان، عید کے بعد پشاور میں حلف برداری، احتجاج اور مذاکرات کی ذمہ داری علامہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی
سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ احتجاج اور مذاکرات کی ذمہ داری علامہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کو دی گئی تھی، جبکہ بانی پی ٹی آئی نے اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری کا ٹاسک بھی انہی رہنماؤں کو سونپا ہے۔ اسی سلسلے میں “عمران خان رہائی فورس” قائم کی جا رہی ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر گفتگو
سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان رہائی فورس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، آئی ایس ایف اور وومن ونگ سمیت تمام طبقات کو شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ عید کے بعد پشاور میں رہائی فورس کے ارکان سے باقاعدہ حلف لیا جائے گا، جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع
اس موقع پر راجہ ناصر عباس نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں سے متعلق میڈیکل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آنکھ کی حالت تشویشناک تھی اور جیل انتظامیہ کی جانب سے مجرمانہ کوتاہی برتی گئی، جس کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وکیل سلمان صفدر کی رپورٹ کے مطابق بینائی 80 فیصد تک متاثر ہونے کی خبر پر شدید تشویش پیدا ہوئی تھی۔ اگرچہ اب کچھ بہتری آئی ہے، تاہم مسلسل طبی نگرانی ضروری ہے۔
دھرنا ختم، آئندہ لائحہ عمل جلد
ناصر عباس کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان نے پارلیمنٹ کے باہر دھرنے کا فیصلہ حکومتی لاپرواہی کے خلاف کیا تھا، مگر رمضان المبارک کے آغاز کے پیش نظر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عاصم یوسف کو مکمل رسائی دی جائے اور بانی پی ٹی آئی کے خاندان اور وکلا کو بھی آن بورڈ لیا جائے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل جلد طے کیا جائے گا۔
پچھلے 3 سالوں سے اس پارٹی لیڈروں کو نہیں پتا تھا کہ انھوں نے یہ لڑائی لڑنی ہے اور کسی قسم کی کال بھی دینی ہے
اتنے دن بعد سہیل افریدی صاحب بولے اور وہی زبان بولے کہ ہمیں جلدی نہیں ہے اگلے کی جان پر بنی ہے اور تم لوگوں کو جلدی نہیں ۔۔۔۔ pic.twitter.com/mYddkWOxlU
— madam804 (@ZanibFaizan) February 18, 2026