پاکستان میں 5G اسپیکٹرم کی نیلامی 10مارچ کو ، کمرشل لانچ رواں سال وسط میں ہوگی، فائیو جی سروس کے اجرا کے فوراً بعد سکس جی پر کام شروع کر دیا جائے گا
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 10 مارچ کو پاکستان میں 5G اسپیکٹرم کی نیلامی کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ فائیو جی سروس کی کمرشل لانچنگ رواں سال کے وسط میں متوقع ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے پریس کانفرنس میں پاکستان میں 5G اسپیکٹرم کی نیلامی اور سروس کے اجرا کی ٹائم لائن جاری کرتے ہوئے بتایا کہ نیلامی میں تین ٹیلی کام آپریٹرز حصہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پچاس فیصد سے زائد اسپیکٹرم فروخت ہو گیا تو اسے کامیاب نیلامی تصور کیا جائے گا۔
ہر آپریٹر کو کم از کم 100 میگاہرٹس
چیئرمین پی ٹی اے کے مطابق ہر ٹیلی کام آپریٹر کم از کم 100 میگاہرٹس اسپیکٹرم حاصل کرے گا، جس سے ملک میں موبائل سروس کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی اور انٹرنیٹ کی رفتار کے مسائل حل ہوں گے۔

انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ فائیو جی سروس کے اجرا کے فوراً بعد سکس جی پر کام شروع کر دیا جائے گا اور کوشش ہوگی کہ سکس جی کی نیلامی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔
597 میگاہرٹس اسپیکٹرم دستیاب
ڈی جی لائسنسنگ کے مطابق حکومت نے نیلامی کیلئے 597 میگاہرٹس اسپیکٹرم مہیا کیا ہے۔ نیلامی میں شرکت کرنے والی کمپنیوں کو 27 فروری تک درخواست کے ساتھ 15 ملین ڈالر جمع کروانا ہوں گے۔
پاکستان میں 5G اسپیکٹرم نیلامی کلاک آکشن طریقہ کار کے تحت کئی راؤنڈز پر مشتمل ہوگی اور کمپنیاں آن لائن بھی حصہ لے سکیں گی۔
ڈالر ریٹ منجمد کرنے کا فیصلہ
چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ صنعت کے مطالبے پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ نیلامی کے دن ڈالر کی قیمت منجمد کر دی جائے گی اور اسی شرح پر ادائیگیاں ہوں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ فائیو جی کے اجرا سے ڈیجیٹل معیشت کو فروغ ملے گا اور صارفین کو تیز رفتار اور مستحکم انٹرنیٹ سروس میسر آئے گی۔
Islamabad (18 February 2026): Media briefing on the Spectrum Auction for Next Generation Mobile Services (NGMS) / 5G in Pakistan, was held today at PTA Headquarters, Islamabad. pic.twitter.com/CT81CNsmdM
— PTA (@PTAofficialpk) February 18, 2026