پروفیشنل ریسلنگ کی عالمی شناخت بننے والے معروف ریسلر ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
عالمی شہرت یافتہ ریسلر ہلک ہوگن نے 71 برس کی عمر میں فلوریڈا میں واقع اپنے گھر پر وفات پائی، ان کے منیجر کرس وولو اور ڈبلیو ڈبلیو ای نے ہوگن کے انتقال کی تصدیق کردی۔
ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ (سابقہ ٹوئٹر) پر ان کی وفات پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای کو یہ جان کر افسوس ہوا ہے کہ ہال آف فیم کے رکن ہلک ہوگن کا انتقال ہوگیا ہے، وہ پاپ کلچر کی ان چند نمایاں شخصیات میں شامل تھے جنہوں نے 1980ء کی دہائی میں ڈبلیو ڈبلیو ای کو عالمی سطح پر پہچان دلائی۔
ڈبلیو ڈبلیو ای نے ہلک ہوگن کے اہلِ خانہ، دوستوں اور مداحوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ ہلک ہوگن کا رنگ میں آکر اپنی شرٹ پھاڑنا اور فتح پر منفرد انداز میں جشن منایا کافی مشہور تھا۔ان کے ساتھی ریسلر انڈر ٹیکر نے بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریسلنگ کی دنیا نے ایک حقیقی لیجنڈ کھو دیا۔ ہمارے کام میں ان کی خدمات بے پناہ ہیں اور اس کے لیے میں ان کی ستائش کرتا ہوں۔
امریکی صدر کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے 2024 کی ہوگن کے ساتھ ایک سیلفی پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک لیجنڈ کو ریسٹ ان پیس۔‘
ایوان نمائندگان کے رپبلکن سپیکر مائیک جانسن نے ایکس پر لکھا کہ ’ہم سب کے پاس ہلک ہوگن کی اچھی یادیں ہیں۔ 80 کی دہائی میں اپنے بچپن سے لے کر پچھلے سال ان کے ساتھ انتخابی مہم چلانے تک، میں نے ہمیشہ انھیں زندگی میں ایک عظیم شخصیت کے طور پر دیکھا۔‘
’ٹوٹل نان سٹاپ ایکشن ریسلنگ‘ کے صدر کارلوس سلوا کا کہنا ہے کہ ’ہوگن کا نام پروفیشنل ریسلنگ کا مترادف تھا اور اس صنعت سے بڑھ کر وہ امریکی پاپ کلچر کا حصہ بن گیا۔‘ انھوں نے 2005-07 تک اپنی اہلیہ لنڈا اور ان کے دو بچوں کے ساتھ اپنی سیریز ’ہوگن نوز بیسٹ‘ میں بھی رئیلٹی ٹی وی کی کامیابی کا لطف اٹھایا۔
ان کے بعد آنے والے برسوں میں انھیں صحت کے متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
انھوں نے گذشتہ سال یوٹیوبر اور پہلوان لوگن پال کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’میں نے گذشتہ 10 سال میں 25 سرجریاں کروائی ہیں۔ کمر کی دس سرجریاں کی گئیں، دونوں گھٹنے اور کولہے بدل دیے گئے، کندھے سب کچھ۔‘
ہوگن نے تین شادیاں کیں اور ان کی پہلی بیوی لنڈا سے ان کے دو بچے تھے۔