سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ نے وزیراعظم شہباز شریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ نے وزیرِاعظم شہباز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں کیا، اس لیے وزیراعظم کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 7 مئی 2025 کو ملٹری کورٹس سے متعلق فیصلہ سنایا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ملٹری کورٹس سے سزا یافتہ ملزمان کو اپیل کا حق دیا جائے، اور اس حوالے سے 45 دن کے اندر قانون سازی کی جائے۔
لیکن درخواست گزار کے مطابق حکومت نے عدالتی حکم پر مقررہ مدت کے اندر کوئی قانون نہیں بنایا، جس پر عدالت سے اپیل کی گئی ہے کہ وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
یہ درخواست جواد ایس خواجہ کی جانب سے ان کے وکیل خواجہ احمد حسین نے سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالت کے واضح حکم کے باوجود، حکومت کی جانب سے خاموشی اور عدالتی احکامات کو نظر انداز کرنا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ آئینی عملداری کو بھی چیلنج کرتا ہے۔