اسلام آباد : ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
اپنے دورے کا آغاز انہوں نے لاہور سے کیا، جہاں انہیں پرتپاک اور شاندار استقبال دیا گیا۔ مزارِ اقبال پر حاضری کے بعد وہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد روانہ ہو گئے۔
ایرانی صدر ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ لاہور پہنچے، جہاں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو اس موقع پر پاکستانی اور ایرانی پرچموں سے سجایا گیا تھا، جبکہ ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔
مزار اقبال پر حاضری
لاہور میں قیام کے دوران صدر پزشکیان نے شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزرا بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم نے استقبال کیا
مزار اقبال پر حاضری کے بعد ایرانی صدر اسلام آباد پہنچے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ ایرانی وفد میں وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سمیت سینئر وزرا اور اعلیٰ حکام شامل ہیں۔
اہم ملاقاتیں اور مشترکہ مذاکرات
صدر پزشکیان کی ملاقاتیں صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے شیڈول ہیں۔ دورے کے دوران وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، جن میں تجارت، توانائی، سرحدی تحفظ، سلامتی اور اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
تجارت و اقتصادی راہداری پر ایران کا وژن
پاکستان روانگی سے قبل ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پزشکیان نے کہا کہ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ پاک-ایران تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک پہنچے۔
ایرانی صدر نے سی پیک (ون بیلٹ ون روڈ) منصوبے میں ایران کی بھرپور شرکت کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ایران کو یورپ سے جوڑنے کا موقع فراہم کر سکتا ہے۔
اسلامی اتحاد اور علاقائی استحکام
صدر پزشکیان نے اس بات پر زور دیا کہ پاک-ایران اسلامی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی، اور دونوں برادر ممالک علاقائی امن، اتحاد اور ترقی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں گے۔
"چشم ماروشن , دل ماشاد"
ایرانی صدر کا تاریخی دورہ پاکستان
صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ایرانی صدر کا والہانہ استقبال
🇵🇰🤝🇮🇷 pic.twitter.com/bN2vZEIxaY
— PMLN (@pmln_org) August 2, 2025
Comments 1