اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی سے متعلق کیس میں ایک بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ عدالت نے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے پر وزیراعظم اور کابینہ کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔ جسٹس سردار اعجاز اسحٰق نے کہا کہ عدالت کے پاس اب نوٹس جاری کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا۔
عدالت نے اپنے تحریری حکم نامے میں کہا کہ عدالتی فیصلے کو روکا گیا اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالی گئی۔ جسٹس اعجاز اسحٰق کا کہنا تھا کہ وہ انصاف کو شکست کا سامنا نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فوزیہ صدیقی کا مقدمہ نہ صرف قانونی بلکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھی توجہ کا مستحق ہے۔