ممبئی:
بالی ووڈ کے معروف اداکار و ہدایتکار اجے دیوگن کی پاکستان کے سابق کرکٹ اسٹار شاہد آفریدی کے ساتھ وائرل ہونے والی پرانی تصاویر نے بھارت میں سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کو جنم دیا ہے۔
یہ تصاویر دراصل ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) 2024 کے دوران لی گئی تھیں، جب دونوں اسٹارز ایک ہی ایونٹ میں شریک تھے۔ تاہم، حالیہ دنوں میں یہ تصاویر اس وقت دوبارہ منظر عام پر آئیں جب پاک بھارت ٹیموں کے درمیان متوقع WCL میچ منسوخ کر دیا گیا۔ اس پس منظر میں اجے دیوگن اور شاہد آفریدی کی پرانی ملاقات کی تصاویر نے نئی بحث چھیڑ دی۔
بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اجے دیوگن پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے، جن کا کہنا ہے کہ وہ ایک پاکستانی کھلاڑی سے ملاقات کر کے حب الوطنی کے دعووں کی نفی کر رہے ہیں۔ کچھ صارفین نے یہاں تک کہا کہ "اجے دیوگن صرف پردے پر بھارت سے محبت کرتے ہیں، حقیقت میں سب پیسوں کا کھیل ہے۔ اب یہ اپنی امیج بچانے کے لیے ایک اور ‘محب وطن’ فلم بنائیں گے۔”
واضح رہے کہ اجے دیوگن اس ٹورنامنٹ میں ایک ٹیم کے شریک مالک ہیں، اور یہ تصویر اس وقت کی ہے جب پاک بھارت سیاسی کشیدگی اپنی موجودہ شدت کو نہیں پہنچی تھی۔
دوسری جانب، شاہد آفریدی کی WCL ٹیم میں شمولیت پر بھی کچھ بھارتی شائقین نے اعتراضات اٹھائے، خاص طور پر پاک بھارت میچ کی منسوخی کے بعد جذبات مزید بھڑک اٹھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے، اور ایسی تصاویر کو غیر ضروری طور پر متنازع بنانا دونوں ممالک کے عوام کے درمیان خلیج کو مزید گہرا کرتا ہے۔
Comments 1