ایشیا کپ 2025 کے انعقاد کا فیصلہ جمعرات کو ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے اہم اجلاس میں متوقع ہے جس کی صدارت چیئرمین پی سی بی اور اے سی سی محسن نقوی کریں گے۔ بھارت مسلسل اجلاس کے مقام اور ٹورنامنٹ کے انعقاد کی مخالفت کر رہا ہے۔ اگر ٹورنامنٹ منسوخ ہوتا ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ کو 1.16 ارب روپے کا نقصان ہوسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، پی سی بی نے موجودہ مالی سال کے دوران آئی سی سی سے 25.9 ملین ڈالر کی رقم مختص کی ہوئی ہے جو بورڈ کی سالانہ سرگرمیوں کے لیے نہایت اہم ہے۔ افغانستان اور سری لنکا بھی بھارتی لابی کے ساتھ پاکستان مخالف بیانیے میں شامل دکھائی دیتے ہیں۔
ڈھاکا میں اے سی سی اجلاس میں کورم نہ ہونے کے خدشات بڑھ رہے ہیں کیونکہ بھارت، افغانستان، سری لنکا اور دیگر ممالک کی شرکت غیر یقینی ہے۔ بھارت نہ تو نمائندہ بھیجنے کو تیار ہے اور نہ ہی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت چاہتا ہے۔
یہ معاملہ صرف کرکٹ نہیں بلکہ ایک جیو پولیٹیکل بحران بنتا جا رہا ہے جہاں کھیل کے نام پر سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے۔