ڈھاکہ: بنگلادیش میں ایک فوجی تربیتی طیارہ اسکول کی عمارت سے ٹکرا کر گر گیا، افسوسناک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 19 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلادیشی فضائیہ کا ایف-سیون (F-7) تربیتی طیارہ دارالحکومت ڈھاکہ کے علاقے اٹارا میں واقع اترا دیا باری میل اسٹون کالج کی عمارت سے جا ٹکرایا، جو پلے گروپ کے بچوں کی کلاسز کے لیے استعمال ہو رہی تھی۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب اسکول کی چھٹی کا وقت ہو چکا تھا اور بچے کلاسوں سے باہر نکل رہے تھے۔ طیارے کے ٹکرا جانے کے فوری بعد عمارت میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس سے موقع پر افراتفری پھیل گئی۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق جاں بحق افراد میں اسکول کے اساتذہ، عملہ اور بچے شامل ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت کئی بچے اور خاتون اساتذہ عمارت میں موجود تھے۔ حادثے کے بعد طلبہ اور عملہ پناہ کی تلاش میں چیختے چلاتے اسکول کی حدود سے باہر بھاگتے رہے۔
ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچا اور آگ بجھانے کی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو قریبی اترا اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر حادثے کی متعدد ویڈیوز وائرل ہو چکی ہیں، جن میں فوجی اہلکاروں کو زخمی بچوں کو اٹھا کر لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ جائے وقوعہ کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
فضائیہ کی جانب سے تاحال واقعے کی وجوہات یا پائلٹ کی حالت سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔