پیٹرول موٹر بائیک کو الیکٹرک میں تبدیل کرنے والوں کو ایک لاکھ روپے کیش انعام ملے گا: مریم اورنگزیب
لاہور: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ماحول دوست اقدامات کے تحت بڑی پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو شہری اپنی پیٹرول موٹر بائیک کو الیکٹرک بائیک میں تبدیل کریں گے، انہیں ایک لاکھ روپے کیش انعام دیا جائے گا۔
انہوں نے یہ اعلان لاہور میں ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران کیا، جہاں انہوں نے "پلانٹ فار پاکستان” مہم، اسموگ کنٹرول، اور اربن فاریسٹ کے مختلف اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ مہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد پنجاب کے شہروں کو سرسبز و شاداب بنانا اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ہے۔
اسموگ گنز، ایل ای ڈی لائٹس اور گرین کریڈٹ
صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب کی پہلی اسموگ گنز کل میڈیا کے سامنے پیش کی جائیں گی تاکہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں اسموگ سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر شہری اپنی گاڑیوں یا گھروں میں ایل ای ڈی لائٹس لگائیں گے تو انہیں "کاربن گرین کریڈٹ” بھی دیا جائے گا، جو ماحولیات سے متعلق ان کی کاوشوں کا باضابطہ اعتراف ہو گا۔
درخت لگانے کی مہم اور ٹیکنالوجی کا استعمال
مریم اورنگزیب نے مزید بتایا کہ "پلانٹ فار پاکستان” مہم کے تحت ابتدائی ہدف 5 کروڑ درخت لگانے کا رکھا گیا تھا، جسے بڑی کامیابی سے پورا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دعوے نہیں بلکہ ہر درخت کی مانیٹرنگ اور میپنگ کی گئی ہے، اور اب آسٹریلیا طرز کی جدید ٹیکنالوجی کو بھی جلد مکمل طور پر نصب کر لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ رنگ روڈ کے اطراف تین لاکھ پودے لگائے جا رہے ہیں، جبکہ پی ایچ اے کا پودہ عوام تک پہنچانے کے لیے صرف "1399” پر کال کی جائے تو وہ شہری کے گھر تک پہنچا دیا جاتا ہے۔
ایئر کوالٹی، فاریسٹ پروٹیکشن اور شہریوں کی ذمہ داری
مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور میں گزشتہ 10 برسوں سے اسموگ کا مسئلہ رہا ہے، مگر موجودہ حکومت کی کوششوں سے اب اس پر قابو پایا جا رہا ہے۔ سات ایئر کوالٹی مانیٹرز پنجاب میں نصب کیے جا چکے ہیں تاکہ ہوا کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ٹیکنالوجی بیسڈ فائر کنٹرول فورس بھی بنائی جا رہی ہے، جبکہ بینک آف پنجاب پورے اس عمل کی نگرانی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کا فرض ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں تاکہ ایئر کوالٹی انڈیکس بہتر ہو سکے اور ماحول صاف رکھا جا سکے۔