انسداد دہشت گردی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 24 مارچ تک ملتوی
راولپنڈی: سانحہ 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں انسداد دہشت گردی عدالت نے کیس کی سماعت 24 مارچ تک ملتوی کر دی۔ سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔
عدالتی کارروائی کے دوران اڈیالہ جیل اور عدالت کے درمیان وڈیو لنک سسٹم غیر فعال ہونے کے باعث آج بھی باقاعدہ سماعت نہ ہو سکی۔ عدالت نے بتایا کہ تکنیکی خرابی کے باعث ملزمان کو وڈیو لنک کے ذریعے پیش نہیں کیا جا سکا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری جیل روبکار کے ذریعے لگائی گئی، جبکہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور رہنما شیریں مزاری عدالت میں پیش ہوئیں۔ مقدمے کے تفتیشی افسر اور گواہان بھی عدالت میں موجود تھے۔
عدالت نے ملزمان کی حاضری مکمل ہونے کے بعد انہیں واپس جانے کی اجازت دے دی۔ مزید برآں عدالت نے آئندہ سماعت پر وڈیو لنک سسٹم فعال بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے گواہان کو بھی طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ سانحہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق مختلف مقدمات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر گہرا اثر پڑا ہے اور اس کیس کی سماعت کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

