کراچی گل پلازہ میں آتشزدگی، جاں بحق افراد کی تعداد 29، 80 سے زائد تاحال لاپتا، سرچ آپریشن جاری۔

کراچی گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد ریسکیو آپریشن
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

کراچی گل پلازہ میں آتشزدگی، جاں بحق افراد کی تعداد 29، 80 سے زائد تاحال لاپتا، سرچ آپریشن جاری، شناخت مکمل ہونے کے بعد لواحقین میتیں وصول کرنے سرد خانے پہنچ گئے

کراچی : کراچی کے مصروف ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں ہفتے کو لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں دم گھٹنے اور جھلسنے سے جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 29 ہو گئی ہے، جبکہ 80 سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ساؤتھ نے واضح کیا ہے کہ جب تک ایک بھی لاپتا فرد موجود ہے، اس وقت تک ملبہ اٹھانے کا عمل شروع نہیں کیا جا سکتا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران ملبے سے مزید ایک لاش برآمد ہوئی، جس کے بعد مجموعی اموات 29 تک پہنچ گئیں۔ سرچ کے دوران کچھ انسانی باقیات بھی ملی ہیں جنہیں قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

کراچی گل پلازہ میں آتشزدگی مسنگ پرسنز ڈیسک پر مزید ایک لاپتا شہری کے اہلِ خانہ نے رجوع کیا ہے۔ 65 سالہ جہانگیر شاہ کے اہل خانہ کی درخواست کے بعد لاپتا افراد کی تعداد 86 ہو گئی ہے، تاہم حکام کے مطابق کچھ ناموں میں تکرار بھی سامنے آئی ہے جن کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔

کراچی گل پلازہ آگ کے بعد تباہی کا منظر
کراچی کے گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد عمارت مخدوش ہو گئی

ریسکیو حکام کے مطابق گزشتہ روز 21 ناقابلِ شناخت میتوں میں سے مزید تین کی شناخت کر لی گئی ہے۔ شناخت ہونے والوں میں 15 سالہ مریم، 33 سالہ شہروز اور 26 سالہ رضوان شامل ہیں۔ سی پی ایل سی کی جانب سے ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے شناخت مکمل ہونے کے بعد لواحقین میتیں وصول کرنے سرد خانے پہنچ گئے۔

حکام کے مطابق ریسکیو اہلکار تقریباً 40 گھنٹے بعد عمارت کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوئے، تاہم سرچ آپریشن کے دوران مختلف مقامات سے آگ کے شعلے دوبارہ بھڑک اٹھتے رہے جس سے امدادی کارروائیاں شدید متاثر ہوئیں۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کی گفتگو

گل پلازہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے کہا کہ پلازہ کے محفوظ حصے کو بھی سرچ کیا جا رہا ہے تاہم اس وقت توجہ گرے ہوئے حصے پر مرکوز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمارت کے اندر رسائی کے لیے راستہ بنایا جا رہا ہے اور جب سرچ مکمل ہو جائے گی تب پوری عمارت کو گرا کر ملبہ اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اندر اب بھی شدید دھواں اور گرمائش موجود ہے، تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔ بھاری سامان ہٹا دیا گیا ہے اور سرچ آپریشن مشینری اور دستی دونوں طریقوں سے جاری ہے۔

جاوید نبی کھوسو کے مطابق کراچی گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد اب تک 28 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جن میں سے 11 کی شناخت ہو چکی ہے، جبکہ 85 افراد لاپتا کی فہرست میں شامل ہیں۔ ساتھ ہی گل پلازہ سے متصل رمپا پلازہ کو عارضی طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور ایس بی سی اے کی رپورٹ کے بعد اس کی حتمی حیثیت کا تعین کیا جائے گا۔

لاپتا افراد کے لواحقین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبہ اٹھانے کے دوران کہیں انسانی باقیات ضائع نہ ہو جائیں، اور مطالبہ کیا ہے کہ سرچ آپریشن مکمل ہونے تک مکمل احتیاط برتی جائے۔

 
[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]