دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرنے والے قومی ریسلر انعام بٹ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے بلامقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے۔ پرائیڈ آف پرفارمنس ایواراڈ یافتہ فری اسٹائل ریسلر انعام بٹ کا کہنا ہے ریٹائرمنٹ نہیں لی۔ اور عالمی سطح پر مقابلے کھیلتا رہوں گا۔ بطور سیکرٹری نوجوانوں کے لیے کھیل کے مواقع پیدا کروں گا۔ ریسلنگ میں پاکستان کی شان اور گوجرانوالہ کی آن انعام بٹ اب دفتری امور میں بھی متحرک نظر آئیں گے۔ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے انتخابات میں انعام بٹ بلامقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے ہیں۔ 36 سالہ ریسلر نے اپنے 15 سالہ کریئر میں پاکستان کے لیے کامن ویلتھ اور ساوتھ ایشین گیمز سمیت 8 گولڈ میڈل جیتے ہیں۔ قومی پہلوان نے 3 سلور اور ایک برونز میڈل بھی اپنے نام کر رکھا ہے۔ انعام بٹ کا فوری طور پر ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انعام بٹ نے کہا کہ وہ اب قومی سطح پر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ لیکن عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انعام بٹ کے مطابق انہوں نے سو دن کا پلان بنایا ہے جس کے ذریعے بچوں کو ریسلنگ کھیلنے کا مواقع ملے گے۔ لمبے عرصے سے سیکرٹری کی سیٹ پر براجمان ارشد ستار پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ جبکہ چوہدری مبین کا بطور چیئرمین انتخاب ہوا ہے۔ محمد ریاض خزانچی کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ باڈی میں پہلی بار خواتین ممبران کو بھی شامل کیا گیا ہے۔