بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت لیا
احمد آباد: دفاعی چیمپئن بھارت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ بھارتی ٹیم نے مسلسل دوسری اور مجموعی طور پر تیسری بار یہ اعزاز حاصل کیا۔
احمد آباد میں کھیلے گئے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے۔ سنجو سیمسن 89 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ایشان کشن نے 54 اور ابھیشیک شرما نے 52 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
256 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 159 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور بھارت نے فائنل 96 رنز سے جیت لیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر نے 43 اور ٹم سائفرٹ نے 52 رنز بنا کر مزاحمت کی۔ دیگر کھلاڑیوں میں راچن رویندرا ایک، مارک چیپمین تین، گلین فلپس پانچ رنز بنا سکے جبکہ جیمی نیشم 8، فن ایلن 9 اور ڈیرل مچل 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اکشر پٹیل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ ورون چکرورتی، ابھیشیک شرما اور ہردیک پانڈیا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت کی اس کامیابی کے بعد شائقین کرکٹ کی جانب سے ٹیم کو بھرپور مبارکباد دی جا رہی ہے۔
A record-breaking third #T20WorldCup title for India as they defeat New Zealand in Ahmedabad 🏆 pic.twitter.com/bdEz6Zr8HD
— ICC (@ICC) March 8, 2026