اسلام آباد خودکش دھماکہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کل بسنت کی تمام تقریبات منسوخ، لبرٹی اسکوائر پر میگا بسنت شو بھی منسوخ، قوم کو خوارج کے خلاف متحد رہنے کا پیغام
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے ہولناک خودکش دھماکے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کل بسنت کے موقع پر اپنی تمام طے شدہ مصروفیات منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت لاہور کے لبرٹی اسکوائر پر ہونے والا میگا بسنت شو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز نے بسنت کی تمام تقریبات منسوخ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں خوشیوں کی تقریبات مناسب نہیں، کیونکہ قوم ایک سنگین دہشتگرد حملے کے صدمے سے دوچار ہے۔
قوم خوارج کے خلاف متحد رہے: مریم نواز
وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں بسنت کی تمام تقریبات منسوخ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت قومی اتحاد اور یکجہتی کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ

“یہ ضروری ہے کہ پوری قوم خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف متحد رہے۔”
مریم نواز نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ خوارج کے لیے کسی قسم کی رعایت یا رحم نہیں ہوگا اور پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ریاست پوری قوت سے کارروائیاں جاری رکھے گی۔
ترلائی دھماکہ: جانی نقصان میں اضافہ
خیال رہے کہ اسلام آباد کے مضافاتی علاقے ترلائی میں واقع مسجد و امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں جمعے کی نماز کے دوران خودکش دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں اب تک تقریباً 30 افراد شہید جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ زخمیوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جہاں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
خودکش بمبار کی شناخت، تربیت افغانستان میں حاصل کرنے کا انکشاف
حکومتی ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کی شناخت ہو چکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے افغانستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کی تربیت حاصل کی اور وہ متعدد بار افغانستان کا سفر کر چکا تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ افغانستان میں موجود مختلف دہشتگرد گروہ طالبان رجیم کی سرپرستی میں خطے کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ حکومتی مؤقف کے مطابق پاکستان میں ہونے والی ہر بڑی دہشتگرد کارروائی کے پسِ پشت افغانستان اور بھارت کا گٹھ جوڑ شامل ہے۔
دہشتگردی کے خلاف ریاست کا سخت مؤقف
واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن تیز کر دیا ہے جبکہ اعلیٰ سطح پر سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور ذمہ دار عناصر کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔
In the wake of the Islamabad tragedy, I am cancelling all my Basant-related activities that were scheduled for tomorrow. The mega Basant show at the Liberty Square also stands cancelled.
P.S: It is imperative that the nation remains united against the Khwarji menace and their…
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) February 6, 2026