اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس خودکش حملہ : حملہ آور 200 روپے میں پہنچا، رائیڈر گرفتار، گولڑہ موڑ سے جی الیون کچہری تک ایک آن لائن بائیک سروس کے ذریعے پہنچا
اسلام آباد (رئیس الاخبار) :— اسلام آباد کچہری خودکش دھماکے کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے حملہ آور کے کچہری تک پہنچنے کی تفصیلات معلوم کرلی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور گولڑہ موڑ سے جی الیون کچہری تک ایک آن لائن بائیک سروس کے ذریعے پہنچا۔ حیرت انگیز طور پر حملہ آور نے یہ سفر صرف 200 روپے میں طے کیا۔ پولیس نے اس موٹرسائیکل سوار کو حراست میں لے لیا ہے جس نے حملہ آور کو کچہری پہنچایا تھا۔
ذرائع کے مطابق بائیک رائیڈر آن لائن ٹرانسپورٹ سروس کا ملازم نکلا، جس نے بتایا کہ اسے حملہ آور نے عام سواری کے طور پر بُک کیا تھا۔ پولیس نے رائیڈر سے تفتیش شروع کردی ہے تاکہ اس کے علم میں حملہ آور کی حرکات و سکنات یا گفتگو کے متعلق تفصیلات حاصل کی جا سکیں۔
مزید تحقیقات کے دوران سیف سٹی کیمروں کے ذریعے اس بات کا سراغ لگایا جا رہا ہے کہ حملہ آور گولڑہ موڑ تک کیسے پہنچا تھا اور اس کے پیچھے ممکنہ سہولت کار کون تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کچہری کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے میں 12 افراد شہید اور 2 درجن سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس خودکش حملہ کے جائے وقوعہ سے حاصل شواہد، ڈی این اے نمونے اور سیف سٹی فوٹیجز کی مدد سے ایک جامع رپورٹ تیار کی جا رہی ہے، جس کے بعد ممکنہ سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ حملہ آور کے سفر کا اتنے کم معاوضے میں ممکن ہونا دارالحکومت کی سیکیورٹی میں ایک بڑی خامی کو ظاہر کرتا ہے، جس پر آئندہ دنوں میں مزید سوالات اٹھ سکتے ہیں۔
CCTV of Today's Blast at Islamabad Judicial Complex. When your Law Enforcement Agencies are busy in political victimization, this is a norm. pic.twitter.com/nZNkXA5QhH
— Murad Ayaz (@MuradAyaz2) November 11, 2025











Comments 1