پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری آج یومِ الحاقِ پاکستان منا رہے ہیں، جس کی بنیاد 19 جولائی 1947ء کو رکھی گئی جب کشمیر کی قیادت نے پاکستان سے الحاق کی متفقہ قرارداد منظور کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کے دس لاکھ سے زائد فوجی بھی کشمیری عوام کے جذبۂ آزادی کو دبا نہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی تیسری نسل بھی آج حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پرعزم ہے، جو ان کی تاریخی قربانیوں کا تسلسل ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہائیوں پر محیط جدوجہد کشمیریوں کے عزم و استقلال کی گواہ ہے اور مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل ہی جنوبی ایشیا کے پائیدار امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔
یہ دن کشمیری عوام کی جانب سے پاکستان سے محبت، اعتماد اور نظریاتی ہم آہنگی کے تاریخی اعلان کی یاد دلاتا ہے، جو آج بھی زندہ ہے اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔