اسلام آباد:
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنما خالد مشعل اور جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں غزہ کی بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران خالد مشعل نے مولانا فضل الرحمان کو غزہ میں خوراک اور دواؤں کی شدید قلت سے آگاہ کیا اور پاکستانی حکومت سے راستے کھلوانے اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے اپنا سفارتی اثرورسوخ استعمال کرنے کی اپیل کی۔
جواب میں مولانا فضل الرحمان نے یقین دہانی کروائی کہ وہ اس انسانی مسئلے پر خاموش نہیں رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ:
"ہم نے اس معاملے پر تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کا اجلاس طلب کیا ہے، جس میں ہم پاکستانی حکومت سے مشترکہ طور پر غزہ کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کریں گے۔”
مولانا نے مزید کہا کہ:
"فلسطین اور غزہ کا مسئلہ مذہبی جماعتوں کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے، اور ہم ہر ممکن فورم پر فلسطینی عوام کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔”









