خیبر پختونخوا میں بارش اور برفباری، پشاور سمیت متعدد اضلاع متاثر

خیبر پختونخوا میں بارش اور برفباری سے موسم سرد
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

پشاور اور گرد و نواح میں بارش، وزیرستان اور بالائی اضلاع میں شدید برفباری، موسم مزید سرد

پشاور میں موسم اچانک ابر آلود ہو گیا ہے جبکہ شہر اور اس کے گرد و نواح میں گہرے بادل چھا جانے کے بعد بارش کا آغاز ہو چکا ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ بارش کے باعث شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال بڑھا دیا ہے جبکہ ٹریفک کی روانی بھی جزوی طور پر متاثر ہوئی ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے بالائی اور قبائلی اضلاع میں شدید سردی کی لہر کے ساتھ برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر کے مختلف علاقوں میں برفباری جاری ہے۔ جنوبی وزیرستان اپر کے علاقوں لدھا، مکین، شوال، بدر اور کاروان مانزہ میں وقفے وقفے سے برفباری ہو رہی ہے جس سے سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح شمالی وزیرستان کے رزمک اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے لگے ہیں۔ کئی علاقوں میں سڑکوں پر برف جم جانے سے آمدورفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں جبکہ مقامی آبادی کو شدید سرد موسم کا سامنا ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بارش اور برفباری کا موجودہ اسپیل شدید سے شدید ترین صورت اختیار کر سکتا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں جبکہ شہریوں کو بھی حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا، جبکہ میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑی و بالائی علاقوں میں 23 جنوری تک برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسم کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ چترال بالا و زیریں، دیر بالا و زیریں، باجوڑ، ملاکنڈ، سوات اور بونیر کے اکثر مقامات پر بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اسی طرح شانگلہ، کوہستان بالا و زیریں، کولئی پالس، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی بارش اور بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ہری پور، مہمند، اورکزئی، خیبر، کرم، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور صوابی میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ کوہاٹ، ہنگو، کرک، لکی مروت، بنوں، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی و جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی وارننگ

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز بارش اور شدید برفباری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ اور گلیات کے علاقوں میں سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو سکتی ہے۔ مسافروں کو ان علاقوں میں سفر کے دوران شدید احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارش اور برفباری کے نتیجے میں ان علاقوں کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی موجود ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں، جو جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پہاڑی علاقوں میں جانے سے قبل موسم کی تازہ صورتحال سے آگاہی حاصل کریں اور تمام حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔

[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]