خیبرپختونخوا میں بارش، فباری اور برفباری کا امکان، دھند کی وارننگ

خیبرپختونخوا میں بارش، فباری اور برفباری کا امکان
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

چترال، سوات اور ملحقہ اضلاع میں بارش و برفباری متوقع

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے بالائی اور وسطی اضلاع میں موسم سے متعلق تازہ پیش گوئی جاری کرتے ہوئے ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش، فباری اور بعض پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چترال بالائی و زیریں، دیر بالائی، سوات، شانگلہ، ایبٹ آباد اور کوہستان (بالائی و زیریں) کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش اور کہیں کہیں فباری ہو سکتی ہے۔ ان علاقوں میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

اسی طرح کولئی پلاس، تورغر، بٹگرام، مانسہرہ اور ضلع کرم میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ان اضلاع کے بلند پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں بالائی علاقوں میں سردی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ سیاحوں اور مقامی افراد کو پہاڑی راستوں پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب صوبے کے میدانی اضلاع صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں چند مقامات پر رات اور صبح کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں اور ڈرائیورز کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں شدید سردی ریکارڈ کی گئی۔ کم سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ، مالم جبہ میں منفی 5، پارا چنار اور دروش میں منفی ایک جبکہ چترال میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شدید سردی کے باعث بالائی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث بالائی علاقوں میں سرد موسم برقرار رہے گا۔ شہریوں کو گرم کپڑوں کے استعمال، بچوں اور بزرگوں کا خاص خیال رکھنے اور موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ انتظامیہ کو بھی ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]