لاہور میں بسنت 2026: ای بز پورٹل پر بڑی تعداد میں رجسٹریشن درخواستیں

لاہور بسنت رجسٹریشن – ای بز پورٹل پر درخواستیں
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

لاہور بسنت رجسٹریشن – ای بز پورٹل پر پتنگ مینوفیکچررز و سیلرز کی رجسٹریشن جاری

لاہور میں ممکنہ طور پر بسنت کے انعقاد کی تیاریوں کے تناظر میں ای بز پورٹل کے ذریعے پتنگ سازی اور پتنگ بازی سے وابستہ افراد اور اداروں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ لاہور کے مطابق اب تک پتنگ مینوفیکچررز، سیلرز، ٹریڈرز اور متعلقہ ایسوسی ایشنز کی جانب سے مجموعی طور پر 158 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، تاہم تاحال کسی بھی درخواست دہندہ کو حتمی منظوری نہیں دی گئی۔

دستاویزات کے مطابق کائیٹ فلائنگ مینوفیکچررز کی جانب سے اب تک 47 درخواستیں ڈپٹی کمشنر آفس لاہور کو موصول ہوئیں۔ ان میں سے ایک درخواست کی ویریفکیشن مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ باقی 46 درخواستوں کی فیلڈ ویریفکیشن کا عمل تاحال جاری ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب تک تمام قانونی تقاضے پورے نہیں ہوتے اور فیلڈ رپورٹ کلیئر نہیں ہوتی، کسی بھی مینوفیکچرر کو رجسٹریشن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اسی طرح کائیٹ سیلرز کی رجسٹریشن کے لیے 86 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان میں سے 9 سیلرز کی فیلڈ ویریفکیشن مکمل ہو چکی ہے، جبکہ 77 درخواستوں کی جانچ پڑتال مختلف مراحل میں ہے۔ انتظامیہ اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ رجسٹریشن کے خواہشمند افراد کسی بھی صورت میں ممنوعہ یا خطرناک سامان، خصوصاً کیمیکل ڈور یا دھاتی تار کے استعمال سے وابستہ نہ ہوں۔

کائیٹ فلائنگ ٹریڈرز کی رجسٹریشن کے لیے اب تک 22 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن کی فیلڈ ویریفکیشن جاری ہے۔ اسی طرح کائیٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کے لیے تین درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں، جن کی جانچ پڑتال بھی متعلقہ محکمے کر رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک کسی بھی مینوفیکچرر، سیلر، ٹریڈر یا ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن کا عمل مکمل نہیں ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام درخواستوں کو سخت جانچ پڑتال کے بعد ہی منظور کیا جائے گا، تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ اور قانون کی مکمل عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

انتظامیہ ذرائع کے مطابق بسنت کے ممکنہ انعقاد کے حوالے سے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نہایت محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں، کیونکہ ماضی میں پتنگ بازی کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور سنگین حادثات کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ اسی وجہ سے رجسٹریشن کے عمل میں شفافیت اور سخت نگرانی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔

ضلعی حکام کا مزید کہنا ہے کہ ویریفکیشن کے بعد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا کہ کن افراد یا اداروں کو پتنگ سازی اور فروخت کی اجازت دی جا سکتی ہے، جبکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]