مریم نواز کا بڑا اعلان، پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت، کاشتکاروں کیلئے ڈیزل سبسڈی
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کرنے کا اعلان کر دیا، جس کے تحت شہری اب مختلف بس اور ٹرین سروسز میں بغیر ٹکٹ سفر کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے بعد اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس سروس اور اسپیڈو بس سروس کے مسافروں کو ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اسی طرح گرین الیکٹرو بس سروس میں بھی شہری مفت سفر کر سکیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کاشتکاروں کے لیے بھی بڑا ریلیف دیتے ہوئے فی ایکڑ ایک لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور شہری غیر معمولی حالات میں ذاتی گاڑیوں کے بجائے پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں۔
مریم نواز نے کہا کہ جنگ کے نتیجے میں دنیا بھر میں معاشی بحران پیدا ہوا ہے، تاہم حکومت حالات بہتر ہونے تک عوام کو ریلیف فراہم کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی مشکل معاشی حالات میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کیے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد میں بھی پبلک ٹرانسپورٹ کو ایک ماہ کے لیے مفت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ ایک ماہ کیلئے مفت کر دی گئی ہے۔
محسن نقوی کے مطابق وزارت داخلہ مفت ٹرانسپورٹ کی مد میں 35 کروڑ روپے کا بوجھ برداشت کرے گی۔
واضح رہے کہ پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت کے اعلان سے ایک روز قبل حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 24 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد عوام کو ریلیف دینے کیلئے یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔
In response to the ongoing global crisis, CM Maryam Nawaz has announced a major relief package to support the people of Punjab. To ease the burden on citizens, public transport is now FREE across all cities in Punjab! No tickets required for Orange Line Train, Metro Bus, Speedo…
— PMLN (@pmln_org) April 3, 2026