یوم شہداء کشمیر کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 13 جولائی 1931 کو اذان کے احترام میں جان دینے والے کشمیریوں نے آزادی کی وہ شمع روشن کی جو آج بھی جل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش نے امن کا دروازہ کھولا، مگر بھارت نے انکار کر کے اپنی جنگی ذہنیت اور ضد کا ثبوت دیا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ مودی حکومت بھی ڈوگرہ راج کی طرح کشمیریوں پر جبر کر رہی ہے، عقائد، شناخت اور رائے کو ریاستی طاقت سے کچلنا انسانیت کی توہین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد کا محافظ، علمبردار اور ضامن رہے گا، اور شہداء کے لہو سے اٹھنے والی آزادی کی پکار کبھی دبائی نہیں جا سکتی۔