حیدرآباد: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حیدرآباد میں حالیہ موسلادھار بارش کے بعد شہریوں کو درپیش مشکلات پر معذرت کی ہے، ساتھ ہی ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کی محنت کو سراہا۔
صوبائی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ "حیدرآباد میں صرف ایک گھنٹے کے دوران 107 ملی میٹر بارش ہوئی، جس سے متعدد علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ شہریوں کو تکلیف پہنچی جس پر میں معذرت خواہ ہوں۔”
انہوں نے کہا کہ "حیدرآباد میں بارش کے بعد نکاسی کا انحصار پمپنگ سسٹم پر ہے، ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ نکاسی آب اور صفائی کے عمل کو تیز کیا جائے۔”
مراد علی شاہ نے منتخب نمائندوں اور انتظامیہ کی محنت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جلد حالات معمول پر آجائیں گے۔
واضح رہے کہ پیر کو ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد کئی علاقوں میں پانی تاحال جمع ہے، جس سے شہری شدید پریشان ہیں اور مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔