بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ-1 کامیابی سے مکمل، بھارتی حمایت یافتہ 216 دہشت گرد ہلاک، دہشت گرد تنظیموں کی قیادت، کمانڈ اینڈ کنٹرول اور آپریشنل صلاحیتوں کو شدید نقصان
کوئٹہ : سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ-1 کامیابی سے مکمل کر لیا، جس کے تحت بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر کے خلاف مربوط، تیز رفتار اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کی گئیں۔ ان دہشت گردوں کا مقصد خواتین اور بچوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر بلوچستان میں امن اور ترقی کو سبوتاژ کرنا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 29 جنوری 2026 کو ضلع پنجگور اور ہرنائی کے نواحی علاقوں میں مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں شروع کی گئیں، جہاں دہشت گرد عناصر کی موجودگی سے مقامی آبادی کو فوری خطرات لاحق تھے۔ ان کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے بھارتی پراکسی نیٹ ورکس سے وابستہ 41 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

بعد ازاں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کی جانب سے بلوچستان کے امن کو عدم استحکام کا شکار بنانے کی کوششوں کو سیکیورٹی فورسز نے بھرپور اور جرات مندانہ ردعمل سے ناکام بنایا۔ اس کے تسلسل میں صوبے کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد سلیپر سیلز کے خاتمے کے لیے وسیع پیمانے پر کومبنگ اور سینیٹائزیشن آپریشنز کیے گئے۔
آپریشن ردالفتنہ-1 کے تحت پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے باہمی ہم آہنگی، مؤثر منصوبہ بندی اور درست معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں انجام دیں۔ ان مربوط آپریشنز اور کلیئرنس کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 216 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، جس سے دہشت گرد تنظیموں کی قیادت، کمانڈ اینڈ کنٹرول اور آپریشنل صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
کارروائیوں کے دوران غیر ملکی ساختہ اسلحہ، گولہ بارود، دھماکا خیز مواد اور دیگر عسکری سازوسامان کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔ ابتدائی شواہد سے دہشت گردوں کو بیرونی سہولت کاری اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کیے جانے کی تصدیق ہوتی ہے۔
بدقسمتی سے ان آپریشنز کے دوران 36 معصوم شہری، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، شہید ہوئے جبکہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 22 بہادر جوانوں نے وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا۔ قوم شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج حکومتِ پاکستان کے نیشنل ایکشن پلان (NAP) کے تحت دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھیں گی، یہاں تک کہ ملک سے دہشت گردی کے تمام خطرات کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن ردالفتنہ-1 پاکستان خصوصاً بلوچستان کے غیور عوام کے اس عزم کا ثبوت ہے کہ وہ تشدد کے بجائے امن، انتشار کے بجائے اتحاد اور بدامنی کے بجائے ترقی کو ترجیح دیتے ہیں۔
#بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا 'آپریشن رد الفتنہ ون' کامیابی کے ساتھ مکمل
انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 216 دہشت گرد ہلاک
دہشت گردوں کے نیٹ ورکس، قیادت اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو شدید نقصان پہنچایا گیا
کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں غیر ملکی اسلحہ،… https://t.co/uzf3QglouE pic.twitter.com/CBYYGaGBOp
— Eagle Eye (@zarrar_11PK) February 5, 2026