نئے سال کے موقع پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے 60 پیسے فی لیٹر تک کمی کا امکان
نئے سال کے موقع پر حکومت کی جانب سے عوام کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے، کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے 60 پیسے فی لیٹر تک کمی کی تجویز سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ابتدائی ورکنگ پیپرز تیار کر لیے گئے ہیں، جن پر حتمی فیصلہ یکم جنوری سے متوقع ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں یکم جنوری سے 10 روپے 60 پیسے فی لیٹر کمی کی تجویز دی گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 62 پیسے فی لیٹر کمی تجویز کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اوگرا کی جانب سے تیار کردہ ورکنگ پیپر حکومت کو ارسال کر دیا جائے گا، جس کے بعد حکومت ریونیو ضروریات اور مالی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کرے گی۔ اس حوالے سے وزارت خزانہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کرے گی۔
حتمی قیمتوں کا نوٹیفکیشن وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے پٹرولیم لیوی یا اضافی ٹیکسز عائد نہ کیے تو نئے سال کے آغاز پر عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح ریلیف مل سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور ڈالر کی شرح بھی قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کرے گی، تاہم موجودہ تجاویز پر عملدرآمد کی صورت میں مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے یہ ایک خوش آئند پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔

