ڈاؤ یونیورسٹی کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر جہاں آرا حسن کو نارتھ امریکا میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ
کراچی/ڈیلاس:
ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی قائم مقام وائس چانسلر، پروفیسر جہاں آرا حسن کو امریکہ کے شہر ڈیلاس میں ڈاؤ گریجویٹس ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکا (ڈوگانا) کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
تقریب میں انہیں یہ اعزاز ڈاؤ یونیورسٹی سے 1979 میں فارغ التحصیل ہونے، اور ادارے کی پہلی پی ایچ ڈی گریجویٹ ہونے کی حیثیت سے ان کی تین دہائیوں پر محیط تدریسی، تحقیقی اور انتظامی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
ڈاؤ یونیورسٹی کی انتظامیہ اور فیکلٹی نے پروفیسر جہاں آرا حسن کو اس اعزاز پر مبارکباد پیش کی ہے۔ وہ 2012 میں گائناکالوجی کے شعبے میں ڈاؤ یونیورسٹی کی پہلی پی ایچ ڈی گریجویٹ بنیں اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے منظور شدہ پہلی پی ایچ ڈی سپروائزر بھی ہیں۔ ان کے 50 سے زائد تحقیقی مقالے بین الاقوامی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔
کووِڈ-19 کے دوران انہوں نے بطور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور آئی سی یو ڈائریکٹر غیر معمولی قیادت فراہم کی۔ ان کی قیادت میں ڈاؤ اسپتال کو سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن سے منظوری ملی اور یونیورسٹی کو 6 نئے سیکنڈ فیلوشپ پروگرامز کی منظوری حاصل ہوئی، جب کہ اس وقت ادارے میں 35 سے زائد فرسٹ فیلوشپ پروگرامز جاری ہیں۔
اعزاز وصول کرتے ہوئے پروفیسر جہاں آرا حسن نے یہ کامیابی اپنے اساتذہ، اہلِ خانہ، ساتھیوں اور اداروں کے نام منسوب کی، اور اسے اپنی زندگی کا ایک جذباتی اور ناقابل فراموش لمحہ قرار دیا۔