پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی بولی، سیالکوٹ 1 ارب 85 کروڑ اور حیدرآباد 1 ارب 75 کروڑ روپے میں پی ایس ایل فرنچائزز فروخت

پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی بولی، حیدرآباد اور سیالکوٹ پی ایس ایل فرنچائزز فروخت
Facebook
X
LinkedIn
Pinterest
WhatsApp

پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی بولی، سیالکوٹ 1 ارب 85 کروڑ اور حیدرآباد 1 ارب 75 کروڑ روپے میں پی ایس ایل فرنچائزز فروخت

اسلام آباد : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں توسیع کے عمل کے تحت دو نئی ٹیموں کا باضابطہ اضافہ کر دیا گیا ہے، جہاں سیالکوٹ اور حیدرآباد کی فرنچائزز ریکارڈ بولیوں کے ذریعے فروخت ہو گئیں۔

اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقدہ نیلامی کے دوران او زی ڈویلپرز نے سیالکوٹ کی فرنچائز 1 ارب 85 کروڑ روپے کی خطیر رقم میں حاصل کر لی، جو پی ایس ایل کی تاریخ کی اب تک کی سب سے بڑی بولی قرار دی جا رہی ہے۔ اس سے کچھ دیر قبل ایف کے ایس گروپ نے حیدرآباد کی فرنچائز 1 ارب 75 کروڑ روپے میں خریدی۔

سیالکوٹ کی فرنچائز کے لیے او زی ڈویلپرز اور سافٹ ویئر کمپنی آئی ٹو سی کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ آئی ٹو سی کی جانب سے آخری بولی 1 ارب 82 کروڑ روپے لگائی گئی، جس کے بعد او زی ڈویلپرز نے بولی بڑھا کر 1 ارب 85 کروڑ روپے کر دی اور فرنچائز اپنے نام کر لی۔

نیلامی کے پہلے مرحلے میں حیدرآباد کی فرنچائز کے لیے بھی ایف کے ایس گروپ اور آئی ٹو سی کے درمیان مقابلہ ہوا، تاہم آئی ٹو سی کی آخری بولی 1 ارب 70 کروڑ روپے تک محدود رہی، جس پر ایف کے ایس گروپ نے فرنچائز حاصل کر لی۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرلی
پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ساتویں ٹیم کی بنیادی قیمت 1 ارب 10 کروڑ روپے جبکہ آٹھویں ٹیم کی بنیادی قیمت 1 ارب 70 کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی۔ حیدرآباد اور سیالکوٹ پہلی بار 2015 میں لیگ کے آغاز کے بعد پی ایس ایل کا حصہ بنیں گے۔

رواں پی ایس ایل سیزن 26 مارچ سے 3 مئی تک شیڈول ہے۔ فرنچائز کے لیے زیر غور شہروں میں فیصل آباد، گلگت، حیدرآباد، مظفرآباد، راولپنڈی اور سیالکوٹ شامل تھے۔

اس وقت پی ایس ایل میں شامل ٹیموں میں لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز شامل ہیں، جبکہ نئی ٹیموں کے اضافے کے بعد لیگ مزید وسعت اختیار کر جائے گی۔

دو نئی پی ایس ایل فرنچائزز فروخت کے لیے بولی دینے والوں میں ایف کے ایس، او زی ڈویلپرز، ایم نیکسٹ انک، ڈہرکی شوگر ملز، انویریکس سولر، آئی ٹو سی، جاز، پرزم ڈویلپرز، وی جی او ٹیل اور ولی پاکستان شامل تھے۔

نیلامی کی میزبانی قومی ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر وسیم اکرم نے کی، جبکہ پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر بھی ان کے ہمراہ اسٹیج پر موجود تھے۔ سلمان نصیر نے کہا کہ پی ایس ایل کے دس سال اس تاریخی مرحلے تک پہنچنے کا سبب بنے ہیں۔

وسیم اکرم نے بولی دہندگان کو بتایا کہ پی ایس ایل فرنچائزز فروخت کو حاصل کرنا صرف ملکیت نہیں بلکہ ٹیم کے لوگو، کِٹس، برانڈنگ اور کھلاڑیوں کے ساتھ جُڑنے کے بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے۔

پی ایس ایل فرنچائزز فروخت سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے رائزنگ اسٹار ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کو 9 کروڑ روپے اور ہانگ کانگ سکسز جیتنے والی ٹیم کو 1 کروڑ 85 لاکھ روپے کا انعام دیا۔

واضح رہے کہ بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں متعدد بار توسیع کی گئی تھی، جس کی بڑی وجہ یورپ، امریکا اور مشرق وسطیٰ سے سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی اور لندن و نیویارک میں منعقد ہونے والے روڈ شوز تھے۔

 
[فرمان الہی]
[نماز کے اوقات]