نو مئی مقدمات میں سزائیں اور شاہ محمود قریشی کی بریت
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی 2023 کے جلاؤ گھیراؤ کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری، اور عمر سرفراز چیمہ کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی، جبکہ شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا گیا۔
یہ مقدمہ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں چلا اور وہیں فیصلہ بھی سنایا گیا۔ دیگر سزا یافتہ افراد میں خالد قیوم، ریاض حسین، علی حسن، اور افضال عظیم شامل ہیں۔ اس فیصلے کے بعد سینیٹر اعجاز چوہدری اپنی نشست سے بھی محروم ہو جائیں گے۔
پی ٹی آئی نے فیصلے کو "جمہوریت کو سزا” قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی اور اعلان کیا کہ فیصلے کو چیلنج کیا جائے گا۔ وکیل سلمان اکرم راجہ نے استغاثہ کی گواہی کو "مضحکہ خیز” قرار دیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر شاہ محمود قریشی کی بریت پر سوالات اٹھائے گئے، بعض افراد نے اسے پارٹی میں دراڑ ڈالنے کی کوشش قرار دیا جبکہ دیگر نے ان کی استقامت کی تعریف کی۔