نادرا کا بڑا اقدام: پنجاب کے ہسپتالوں اور دیہی مراکز صحت کو جدید رجسٹریشن سسٹم سے جوڑ دیا گیا
پنجاب بھر کے 4500 سے زائد سرکاری و نجی ہسپتالوں اور دیہی مراکز صحت کو نادرا کے جدید نظام سے منسلک کرنے کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پیدائش اور وفات کی رجسٹریشن کے عمل کو مزید مؤثر، شفاف اور بروقت بنانا ہے تاکہ شہریوں کو سرکاری دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے نجات مل سکے۔
نادرا حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر اضلاع کے شہری بھی نادرا کے جدید ڈیجیٹل سسٹم سے مستفید ہو سکیں گے۔ پیدائش اور وفات کی رجسٹریشن کے جدید نظام کا دائرہ کار صوبے بھر میں مرحلہ وار توسیع دی جا رہی ہے، جس سے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان سہولیات کا فرق کم ہو گا۔
ریجنل ہیڈ آفس کے تحت متعدد ہسپتالوں میں جدید آلات اور سسٹمز کی فراہمی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس کے بعد قصور، ننکانہ صاحب اور سیالکوٹ کے سرکاری ہسپتال کامیابی کے ساتھ نادرا کے جدید سی آر وی ایس (Civil Registration and Vital Statistics) سسٹم سے منسلک ہو چکے ہیں۔ مزید اضلاع میں بھی اس نظام کے نفاذ کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
حکام کے مطابق اس جدید نظام کے تحت بچوں کی پیدائش اور شہریوں کی وفات کی معلومات براہِ راست متعلقہ یونین کونسلز اور نادرا کو موصول ہوں گی، جس سے رجسٹریشن کے عمل میں تاخیر، غلطیوں اور کاغذی کارروائی میں نمایاں کمی آئے گی۔ اس سہولت کے ذریعے شہریوں کو برتھ سرٹیفکیٹ اور ڈیتھ رجسٹریشن کے حصول میں بھی آسانی فراہم کی جائے گی۔
نادرا حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف ڈیٹا کا معیار بہتر ہوگا بلکہ قومی سطح پر آبادی کے درست اعداد و شمار کی تیاری میں بھی مدد ملے گی، جو پالیسی سازی، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل رجسٹریشن سسٹم کے نفاذ سے شفافیت میں اضافہ اور جعلی اندراجات کی روک تھام بھی ممکن ہو سکے گی۔
انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ مقررہ ہدف کے مطابق تمام ہسپتالوں اور دیہی مراکز صحت کو نادرا کے نظام سے منسلک کرنے کے بعد پنجاب بھر میں پیدائش اور وفات کی رجسٹریشن کا عمل جدید خطوط پر استوار ہو جائے گا، جس سے شہریوں کو بہتر، تیز اور قابلِ اعتماد سہولیات میسر آئیں گی۔

