اسلام آباد (رئیس الاخبار) : قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں جاری طلبہ کی موجودگی کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سخت احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، جس کے تحت یونیورسٹی کو آج شام تک مکمل طور پر خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ میاں عمران اور اے ایس پی سٹی علی سیکیورٹی ٹیم کے ہمراہ قائداعظم یونیورسٹی پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ہاسٹلز میں موجود طلبہ و طالبات کو براہِ راست اعلان کے ذریعے مطلع کیا کہ تمام افراد فوری طور پر اپنا سامان سمیٹ کر ہاسٹل خالی کریں اور اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہو جائیں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق قائداعظم یونیورسٹی کو تا حکم ثانی بند کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بعد ازاں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یونیورسٹی بند کرنے کی وجوہات کے حوالے سے انتظامیہ کی جانب سے کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حالیہ کشیدگی یا ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ قائداعظم یونیورسٹی میں اس سے قبل بھی مختلف مواقع پر طلبہ تنظیموں اور انتظامیہ کے درمیان تناؤ کے واقعات سامنے آ چکے ہیں، جس کے باعث یونیورسٹی انتظامیہ اور ضلعی حکومت کو بارہا سخت فیصلے کرنے پڑے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے طلبہ و طالبات کو خبردار کیا ہے کہ شام تک ہاسٹلز خالی نہ کرنے کی صورت میں پولیس کارروائی ناگزیر ہو گی۔