عالیہ حمزہ کے بیان پر سلمان اکرم راجا برہم: "بیوقوفی پر مبنی گفتگو، آئندہ ایسی بات ہوئی تو تادیبی کارروائی ہو گی”
راولپنڈی:
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما سلمان اکرم راجا نے پارٹی کی پنجاب آرگنائزر عالیہ حمزہ کے حالیہ بیان اور سوشل میڈیا پر کی گئی ٹوئٹ پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اسے "بیوقوفی پر مبنی گفتگو” قرار دیا ہے اور آئندہ ایسی صورتحال پر تادیبی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ لاہور میں ہونے والے ایونٹ سے متعلق عالیہ حمزہ کو ٹوئٹ نہیں کرنی چاہیے تھی۔
انہوں نے واضح کیا کہ "لاہور ایونٹ کو جان بوجھ کر متنازع بنایا گیا، جس نے غلطی کی ہے، وہ معافی مانگے۔”
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ "لاہور ایونٹ میں مدعو کرنے یا نہ کرنے کا کوئی مسئلہ ہی نہیں تھا، جو شریک نہ ہوا وہ اپنی مرضی سے نہیں آیا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ:
"میں اس لیے گیا کیونکہ وزیراعلیٰ موجود تھا، مناسب نہیں لگتا کہ وہ اکیلے پریس کانفرنس کرے۔ نہ کسی کو روکا گیا، نہ دعوت کی ضرورت تھی۔”
سلمان اکرم راجا نے طنزیہ انداز میں کہا کہ "پریس کانفرنس کے بعد ٹوئٹ کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ عالیہ حمزہ کا کام پنجاب کو موبلائز کرنا ہے، ٹوئٹس کرنا نہیں۔”
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی حکمت عملی اور بیانیہ صرف بانی کے احکامات کے مطابق طے کیا جائے گا۔
"ہم تحریک بانی کے حکم کے تحت چلائیں گے، 90 دن کوئی معنی نہیں رکھتے، جو میں کہہ رہا ہوں وہی درست ہے۔ اگر کسی میں ہمت ہے میری بات رد کرنے کی، تو وہ سامنے آئے۔”
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مستقبل میں کوئی غیر ذمہ دارانہ بیان یا سوشل میڈیا پوسٹ کی گئی تو متعلقہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔