ایوانِ صدر میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف زرداری کی ملاقات، آزاد کشمیر کی سیاسی صورتِ حال اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر غور
اسلام آباد (رئیس الاخبار) — ایوانِ صدر میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے درمیان ملکی سیاسی منظرنامے پر ایک نہایت اہم ملاقات ہوئی، جس میں آزاد کشمیر میں ممکنہ سیاسی تبدیلی، وفاقی حکومت کی پالیسیوں اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور صدر آصف زرداری کی ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے بھی شرکت کی۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر شیری رحمان اور سید نوید قمر شریک تھے، جب کہ حکومتی وفد میں وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی اور وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ شامل تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور صدر آصف زرداری کی ملاقات کو موجودہ سیاسی حالات کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت حاصل ہے، کیونکہ حالیہ دنوں میں آزاد کشمیر میں ممکنہ ان ہاؤس تبدیلی کی خبریں گردش کر رہی ہیں، جہاں پیپلز پارٹی نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے چوہدری یٰسین کو امیدوار کے طور پر فائنل کیا ہے۔
اجلاس کے دوران دونوں جماعتوں کی قیادت نے آزاد کشمیر کی سیاسی صورتِ حال ، اسمبلی میں نمبرز گیم، اتحادی حمایت، اور نئی حکومت سازی کے امکانات پر تفصیلی غور کیا۔ اس کے علاوہ وفاقی سطح پر اتحادی حکومت کے آئندہ اقدامات اور مرکز و صوبوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور صدرِ مملکت نے اتفاق کیا کہ ملک کو سیاسی استحکام کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے اتحادی جماعتوں کے درمیان رابطے اور مشاورت کا عمل جاری رہنا چاہیے۔
شہباز شریف اور صدر آصف زرداری کی ملاقات میں وفاقی حکومت کی جانب سے جاری معاشی اصلاحات، ترقیاتی منصوبوں، اور قومی سلامتی سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی مفاد میں سیاسی ہم آہنگی اور ادارہ جاتی تعاون کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے۔
شہباز شریف اور صدر آصف زرداری کی ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف ایوانِ صدر سے وزیراعظم ہاؤس روانہ ہوگئے۔
واضح رہے کہ ایوانِ صدر میں ہونے والی شہباز شریف اور صدر آصف زرداری کی ملاقات اس وقت ہوئی جب آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) سمیت مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان رابطوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق وزیراعظم اور صدرِ مملکت کی یہ ملاقات (shahbaz sharif meet asif zardari)نہ صرف آزاد کشمیر کی سیاسی صورتِ حال کے تناظر میں بلکہ وفاقی سیاست میں بھی آئندہ کے سیاسی منظرنامے کے لیے اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔










