شائنی اہوجا نے ہمیشہ کے لیے بھارت چھوڑ دیا، فلپائن میں نئی زندگی کا آغاز
ممبئی:
بالی وڈ کے متنازع اداکار شائنی اہوجا نے خاموشی سے بھارت کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیا ہے اور اب وہ فلپائن کے شہر منیلا میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ مستقل سکونت اختیار کر چکے ہیں۔
شائنی اہوجا نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 2005 میں کرٹیکل اور کمرشل طور پر کامیاب فلم "ہزاروں خواہشیں ایسی” سے کیا، جس میں ان کی شاندار اداکاری نے انہیں بہترین ڈیبیو اداکار کا ایوارڈ دلوایا۔ بعد ازاں انہوں نے فلم گینگسٹر میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور شہرت کی بلندیوں پر پہنچے۔
تاہم، ان کے کیرئیر کا سفر زیادہ دیر کامیابی کے ساتھ نہ چل سکا۔ جون 2009 میں شائنی اہوجا کو اپنی گھریلو ملازمہ سے جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور بعد ازاں انہیں 7 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ یہ واقعہ ان کے کیرئیر کے زوال کا سبب بنا اور وہ فلمی دنیا سے تقریباً کٹ کر رہ گئے۔
شائنی نے 2015 میں فلم "ویلکم بیک” سے بالی وڈ میں واپسی کی کوشش کی، مگر انہیں دوبارہ انڈسٹری میں کوئی خاطر خواہ مقام نہ مل سکا۔
حالیہ دنوں میں 50 سالہ شائنی اہوجا کی نئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جس سے یہ انکشاف ہوا کہ وہ 2021 میں ہی بھارت چھوڑ چکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق وہ اس وقت منیلا، فلپائن میں مقیم ہیں اور گارمنٹس بزنس سے وابستہ ہو چکے ہیں۔
شائنی اہوجا کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے اس غیر متوقع موڑ نے ایک بار پھر ان کی کہانی کو خبروں کی زینت بنا دیا ہے۔